نئی دہلی ،19 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی میں لوک سبھا انتخابات کے لئے آپ اور کانگریس کے درمیان اتحاد کے معاملے پر جاری تعطل کو دور کرنے کی پہل ایک بار پھر شروع ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق این سی پی لیڈر شرد پوار نے کانگریس اور آپ کے درمیان بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے کی منگل کو پیروی کی۔سمجھا جاتا ہے کہ پوار سے کانگریس لیڈروں کے علاوہ آپ کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کی بھی ملاقات ہوئی ہے۔سنگھ نے پوار سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے صرف اتنا ہی کہا کہ ان کی کئی معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔فی الحال وہ اس کا انکشاف نہیں کر سکتے ہیں۔
انہوں نے تاہم یہ ضرور کہاکہ پہلے بھی ہماری ملاقات ہوئی ہے۔ اس میں اتحاد ہونے کی صورت میں اور اتحاد نہ ہونے کی صورت میں ملک کے جو مسائل ہیں ان پر ہم کس طرح متحرک اور متحد ہو سکتے ہیں، ان موضوعات پر بحث ہوئی۔انہوں نے مستقبل میں ملک میں انتخابات نہیں ہونے سے متعلق بی جے پی لیڈروں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور ان کی حکومتیں آئین اور وفاقی ڈھانچے کے لئے خطرہ بن گئی ہیں۔اس لئے اپوزیشن جماعتوں کو پارٹی مفاد سے اوپر اٹھ کر ملک کے مفاد میں متحد ہونا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ آپ کی دہلی یونٹ کے کنوینر گوپال رائے نے پیر کو کانگریس لیڈروں کے منفی رویہ کا حوالہ دیتے ہوئے مستقبل میں اتحاد کے امکانات کو مسترد کر دیا تھا۔ریاستی کانگریس صدر شیلا دکشت اتحاد کی شروع سے مخالفت کر رہی ہیں۔حالانکہ پہلے اتحاد کی مخالفت کر رہے سابق ریاستی صدر اجے ماکن سمیت پارٹی کے دیگر لیڈر اب اتحاد کی حمایت کر رہے ہیں۔